نظر
شہیر شجاع
دنیا اس حسین دو شیزہ کی مانند ہے جس کی چال ، اس کے لچھن ، خال و
خد ، مسکراہٹ ، کھلکھلاہٹ اس کی سریلی آواز اپنی جانب مائل کرتے ہیں ۔ مرعوب کرتے
ہیں ، متاثر کرتے ہیں ۔ جیسے بڑے بڑے شاپنگ مالز ، لگژری سواریاں ، تزئین و آرائش
کی شاہکار بلند و بالا عمارتیں ، مہنگے ملبوسات کچھ دیر کے لیے انسان کے نفس میں
رعب ڈال دیتے ہیں ۔ اپنی دسترس میں حاصل کرلینے کی جانب مائل بہ فریاد ہوتے ہیں ۔
لیکن ذرا غور کرے انسان تو فنا ان تمام رعنائیوں سے کراہت پیدا
کردیتا ہے ۔
دوسری جانب بلند و بالا پہاڑ ، سرسبز وادیاں ، ٹھاٹھیں مارتا سمندر
، جاری دریا ، ندیاں ، پیڑ پودے ، وسیع ریت کے میدان ، صحرا جمالیات کی تشنگی
دوبالا کردیتے ہیں ۔
اپنے خالق کے لا متناہی جمال کے تصور سے قلب و وجود کو ششدر کر
دیتے ہیں اور وہ پکار اٹھتا ہے “ اللہ نور السموات والارض “ ۔
بس اس نظر کا حصول ہی زندگی ہے